بدھ, مئی 22, 2013

پاکستان تحریک انصاف اور الیکشن ۲۰۱۳ ۔ صوبائی حکومت خیبر پختونخوا ۔ تیسرا حصہ

3 صحت

صحت نا صرف خیبرپختونخوا کا بلکہ پاکستان کا ایک اہم مسئلہ ہے۔ صحت کی وزارت کے لیے ایک بہت ہی مستعد اور سمجھدار وزیر کی ضرورت ہے۔ ایک ایسا تعلیم یافتہ شخص جو نا صرف صحت کے مسائل سمجھتا ہو بلکہ پبلک ایڈمنسٹریشن کا تجربہ بھی رکھتا ہو کو اس پوسٹ پر تعینات کرنا چاہئے۔ 

وبائی امراض کو پھیلنے سے پہلے ہی کنٹرول کرنے کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنا حکومت وقت کی زمہ داری ہوتی ہے۔ موسموں کے بدلنے اور پہلے سے معلوم خطروں کے لیے وقت پر احکامات صادر کرکے حکومت بہت سے مسائل کو ابھرنے سے پہلے ہی انکا قلع قمع کرسکتی ہے۔ موسم گرما کے ساتھ ہی سیلاب کا خطرہ سر پر منڈلانے لگتا ہے جو اور تباہی کے ساتھ مختلف وبائی امراض کا باعث بھی بنتا ہے۔ حکومت کے قیام کے ساتھ ہی اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ 

ماں اور بچے کی صحت کا خیال رکھنا ایک بہتر اور صحتمند معاشرے کے قیام کی پہلی کڑی ہے۔ ماں اگر صحتمند ہوگی تو بچوں کی پرورش اچھے طریقے سے کرسکے گی اور پھر وہ بچے بڑے ہو کر ایک صحتمند معاشرہ کا حصہ بن سکیں گے۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کے پروگرام کو وسعت دینا اور ماں اور بچے کی صحت کے بارے میں مطلوبہ تعلیمی مواد پیدا کرنا اور اسے سرکاری اہلکاروں، اخبارات اور ٹی وی کے زریعے عوام تک پہنچانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ 

پاکستان میں پائی جانے والی زیادہ تر امراض کا باعث صاف پانی کی کمیابی ہے۔ صاف پانی کے فلٹر کو عوام تک سستے داموں پہنچانے کا بندوبست کرنا چاہئے کیونکہ صاف پانی کا استعمال صحت کی مد میں دوسرے اخراجات کو کافی حد تک کم کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ صاف پانی بارے آگہی پھیلانے کے لیے بھی حتی المقدور کوشش کرنی ضروری ہے۔

صحت کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال بھی بہت ضروری ہے۔ ایک مرکزی پیشنٹ ریکارڈ سسٹم وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسے کسی سسٹم کی موجودگی سے ہی بہت سارے پیچیدہ امراض اور مسائل کا حل ڈھونڈا جا سکتا ہے اور نتیجتا صحت کی مد میں بہت سے بے جا اخراجات سے بچا جا سکتا ہے۔

جاری ہے۔


کوئی تبصرے نہیں: